اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے این این) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزیر اطلاعات و نشریات کے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف ہرزہ رسائی پر گہری تشویش اور تعجب کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں انکا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بندش کیلئے تحریک انصاف کے جلسے اور دھرنوں نے وزیراطلاعات و نشریات کو پریشان اور انکے اعصاب کو بری طرح متاثر کیا ہے اور وہ مفلوج دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جو نہ صرف ملک کی دوسری بڑی سیاسی جماعت کے رہنما ہیں بلکہ پارلیمان میں اپنی جماعت کے پارلیمانی رہنما بھی ہیں، کیخلاف بغیر کسی وجہ یا اشتعال کے اس نوعیت کی زبان استعمال کرنا نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ پارلیمنٹ کے رکن کا استحقاق مجروح کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ وزیر اطلاعات اور انکی جماعت کی بجائے عمران خان 2013ء کے عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے ڈرون حملے روکنے کیلئے دی جانیوالی حکمت عملی اور عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) خاموشی سے اپنے انتخابی وعدوں سے انحراف کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے پرویز رشید آپے سے باہر ہو رہے ہیں۔
کامیاب دھرنے سے پریشان پرویز رشید نے عمران کیخلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کی: شیریں مزاری
Nov 25, 2013