اسلام آباد (ثناء نیوز) خیبر پی کے کے بندو بستی علاقے ہنگو میں امریکی ڈرون حملے کے خلاف متعلقہ تھانے میں درج فوجداری مقدمہ کے تحت تفتیش کے لئے خیبر پی کے حکومت کا پشاور امریکی قونصل خانہ سے رابطہ کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ہنگو کے علاقے ٹل کے متعلقہ تھانے میں ڈرون حملے کے خلاف مختلف فوجداری دفعات کے تحت درج مقدمہ میں تفتیش کے حوالے سے خیبر پی کے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے ۔ سینئر قانونی ماہرین سے اس بارے میں مشاورت شروع ہو گئی ہے ان ہی قانونی ماہرین کی رائے کی روشنی میں امریکی ڈرون طیارے کے حملے کے خلاف متعلقہ پولیس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں امریکی سفارتکاروں سے تفتیش متوقع ہے۔ تفتیشی ٹیم کے سلسلے میں مشاورت ہو رہی ہے۔ اس بارے میں خیبر پی کے کے صوبائی محکمہ قانون اور محکمہ داخلہ کو بھی ہدایات جاری کئے جانے کا امکان ہے۔