اسلام آباد (آئی این پی) آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ریٹائرمنٹ میں(آج) پیر کو صرف 3 دن باقی رہنے اور 29نومبر کو چین آف کمانڈ کی تیاریوں کے باوجود نئے آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے رواں ماہ کے اوائل میں دورہ امریکہ سے پہلے 6 اکتوبر کو جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اس وقت یہ اعلان کرکے کہ وہ مزید توسیع نہیں لیں گے اور اس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات کی طرف سے یہ اعلان کہ وزیراعظم 28 نومبر کو نئے آرمی چیف اور نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اعلان کریں گے کے بعد اس حوالے سے کی جانے والی قیاس آرائیاں کافی حد تک ختم ہوگئی تھیں۔ پاک فوج کے نئے آرمی چیف کو کمانڈ حوالے کرنے کیلئے 29نومبر کو تقریب کی تیاریاں بھی جاری ہیں جس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کمانڈ کین نئے آرمی چیف کے حوالے کریں گے ۔ ملکی اور غیر ملکی میڈیا کی طرف سے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاک فوج کے نئے آرمی چیف کی تعیناتی کی تقریب 29 نومبر کو ہوگی جس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کمانڈ کین نئے آرمی چیف کو دیں گے۔