اسلام آباد (سجاد ترین/خبر نگار خصوصی)وزارت داخلہ کے ویزا سیکشن میں ہونے والی مبینہ کرپشن بارے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو رپورٹ ارسال کردی گئی ہے۔وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ غیر ملکی باشندوں کے ویزوں کی مدت میں توسیع اور پاکستان کے ایک شہر سے دوسرے شہر جانے کیلئے اجازت دینے کیلئے وزارت داخلہ کے ویزا سیکشن میں افسروں اور اہلکاروں پر بے قاعدگیوں کا الزام ہے اور اس سیکشن میں دس دس سال سے لوگ تعینات ہیں۔وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارتی باشندوں کے ویزوں کی مدت میں توسیع اور ایک سے دوسرے شہر جانے کی اجازت دینے کے عوض نذرانے وصول کئے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے ایک رپورٹ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو ارسال کردی گئی ہے۔وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے خود بھی وزارت کے اہم لوگوں کو ہدایت کی تھی کہ وزارت داخلہ کی کمزوریوں اور خامیوں کے بارے میں انہیں فوری آگاہ کیا جائے جس پر ایک رپورٹ بنا کر ارسال کردی گئی ہے جس میں بے قاعدگیوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔