اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نادرا میں تعینات سابق فوجی افسران کو فارغ کرنے کی تجویز پر غور ہو رہا ہے۔وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ نادرا میں سابق فوجی افسران بھاری تنخواہوں پر کام کررہے ہیں اور ان کی کارکردگی مایوس کن ہے جس کی وجہ سے وزارت داخلہ میں ایک تجویز پر غور کیا جارہا ہے کہ سابق فوجی افسران کو فارغ کرنے کے بعد ان کی جگہ نوجوانوں کو لگایا جائے۔وزارت داخلہ کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ان افسران میں اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو کمپیوٹر کے بارے میں کوئی علم نہیں رکھتے جبکہ نادرا میں ملازمت کے لئے کمپیوٹر بارے آگاہی ضروری ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق فوجی افسران کو بھاری تنخواہوں پر نادرا میں بھرتی کرنے کا آغاز سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کے دور میں شروع ہوا تھا۔ جو پیپلز پارٹی کے 5سالہ دور میں بھی جاری رہا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اس بارے میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی حتمی منظوری حاصل کرنے کے بعد نادرا سے سابق فوجی افسران کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔