لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے سید سلطان شاہ دوسری مرتبہ بلا مقابلہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر منتخب ہو گئے۔ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کیپ ٹاون میں ہوا ۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کو دوسری مدت کیلئے بلا مقابلہ صدرجبکہ پاکستان کے مہر یوسف ہارون کو ڈائریکٹر ٹیکنیکل کے عہدے پر منتخب کر لیا گیا ہے۔ بھارت کے مہانتش جی کے اور انگلینڈ کے رورے فیلڈ نائب صدور، آسٹریلیا کے ریمونڈ موکسلی سیکرٹری جنرل، انگلینڈ کے جیف سمتھ ڈائریکٹر فنانس اور جنوبی افریقہ کے ڈائریکٹر گوبل ڈویلپمنٹ منتخب کیا گیا۔ منتخب صدر سید سلطان شان نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پاکستان کیلئے اعزاز ہے ہم نے پوری دنیا میں بلائنڈ کرکٹ کو متعارف کرانے اور اس کی ترقی کے لئے اقدامات کیے ہیں۔ ۔ بلائنڈ کرکٹ کی ترقی کیلئے ٹورنامنٹس کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔