اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) دس برس کے طویل عرصہ کے بعد امسال قومی ائر لائن پی آئے اے نے پہلی بار منافع کمایا ہے۔ اسلام آباد کا نیا ائرپورٹ ایک سال بعد ہر لحاظ سے آپریشنل کر دیا جائے گا۔ موجودہ ائرپورٹ اندرون ملک پروازوں اور مسلح افواج کے استعمال میں رہے گا۔ نیسکام نے ملک کے اہم ہوائی اڈوں کے گرد چار حفاظتی حصار قائم کر کے دہشت گردی کو ناممکن بنا دیا ہے۔ ہوابازی کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شجاعت عظیم نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو میں یہ بات کہی۔ شجاعت عظیم کا کہنا تھا کہ لاہور میں دھند کے باوجود طیاروں کی لینڈنگ کا نظام نصب کر دیا گیا۔ اسلام آباد کے نئے ائر پورٹ پر بھی یہی نظام نصب ہو گا۔ مانسہرہ میں نیا ائرپورٹ بنانے کیلئے اراضی حاصل کر لی گئی ہے۔ یہ ائر پورٹ علاقہ کے عوام کے علاوہ پاک چین معاشی راہداری کیلئے بھی اہم ہو گا۔ راولاکوٹ کیلئے وزیر اعظم نے فوری پروازیں شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ نئے طیاروں کی بروقت آمد نہ ہونے کے باعث دوسری سہ ماہی اچھی نہیں رہی لیکن منافع کمانے کی شرح مزید بہتر کی جائے گی۔ قوی ائر لائن کے فضائی بیڑے میں بیک وقت 22نئے جہاز شامل کئے جا رہے ہیں جن کے باعث ملکی تاریخ میں پہلی بار یہ فضائی بیڑہ 42جہازوں پر مشتمل ہو گا۔