بنگلہ دیش میں پھانسیوں پر مجرمانہ خاموشی، حکومت کیخلاف 29 نومبر کو احتجاج کرینگے: سراج الحق

Nov 25, 2015

لاہور + کراچی (خصوصی نامہ نگار+نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کراچی کے عوام بدامنی ،دہشت گردی ،بھتہ خوری اور نفرت کی سیاست کے خاتمہ کے لیے 5دسمبر کو جماعت اسلامی کے نامزد کردہ پینل اور امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ پاکستان کی حکومت نے بنگلہ دیش میں احسن علی مجاہد اور صلاح الدین کی شہادت پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی ۔جماعت اسلامی نے 29نومبر کو حکومت کے خلاف لاہور میں ایک بڑے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے لانڈھی ہسپتال چورنگی پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیرالعظیم، حافظ نعیم الرحمن اور دیگر نے خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کراچی کے عوام نے آج ثابت کردیا ہے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ 5دسمبر کا دن اہل کراچی کے لیے ایک امتحان کا دن ہے۔ ملک میں وی آئی پی سسٹم چل رہا ہے ۔عوام اس وی آئی پی نظام کو ختم کرنے کے لیے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی تو ہم غریبوں اور کمزوروں کو وی آئی پی بنائیں گے۔ قبل ازیں لاہور سے جاری بیان میں سراج الحق نے کہا کہ بعض بنگلہ دیشی اخبارات میں ان کا بیان توڑ مروڑ کراور گمراہ کن انداز میں شائع کرنے پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے نام نہاد عدالتوں کے ذریعے بنگلہ دیش میں سیاسی مخالفین کو سزائے موت دینے پر میں نے جلسہ عام میں کہا تھا کہ ان رہنماؤں کو 1971میں اپنے وطن پاکستان کا دفاع کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔ بنگلہ دیشی اخبارات نے واضح صحافتی بددیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میرے بیان میں اپنے الفاظ ڈالتے ہوئے ان رہنماؤں کو بنگلہ دیش مخالف قرار دینے کی مکروہ کوشش کی۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا حسینہ حکومت نہ صرف بے گناہ سیاسی قائدین اور فرشتہ صفت علماء کرام پر قتل عام کے جھوٹے الزامات لگا رہی ہے بلکہ انہیں وطن دشمن قرار دے رہی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے وہ بے حسی یا زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے ہر متعلقہ عالمی پلیٹ فارم پر اس مسئلے کو اُٹھائے۔

مزیدخبریں