کراچی + لاہور (مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) سٹاک ایکس چینج میںکاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو بھی مندا اور کے ایس ای 100انڈیکس 33700 اور 33600 کی نفسیاتی حدوں سے بیک وقت گرگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 50 ارب 94 کروڑ روپے سے زائد کی کمی ہوئی ۔ کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 33872 پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے۔ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی اور نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود برقرار رکھے جانے پر تحفظات جیسے عوامل کے باعث سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظر آئے اور حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے باعث مارکیٹ میں مندا رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 161.32 پوائنٹس کمی سے 33571.59 پوائنٹس پر بند ہوا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 50 ارب، 94 کروڑ 43 لاکھ 86 ہزار 460 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مالیت گھٹ کر 71 کھرب 11 ارب 97 کروڑ 54 لاکھ 65 ہزار 896 روپے ہو گئی۔ دریں اثناء لاہور سٹاک ایکسچینج میں بھی مندا رہا۔ 71 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا 6 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ 16 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ 49 کمپنیوں کے حصص میں استحکا م رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 8.99 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ5491.77 پر بندہوا۔ 15 لاکھ 65 ہزار 200 حصص کا کاروبار ہوا۔
سٹاک مارکیٹ میں شدید مندا سرمایہ کاروں کو 50 ارب روپے سے زائد خسارہ
Nov 25, 2015