کراچی میں تیار کیا گیا ڈرون الخالد ون ٹینک اور بلٹ پر و ف بکتربند متعارف

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دفاعی نمائش کے تیسرے روز مزید 2معاہدوں پردستخط ہوئے،جس کے بعدمعاہدوں کی تعداد15 ہوگئی ہے،پہلا معاہدہ پاکستان ائیرونوٹیکل کمپلیکس اور فرانس میں ہوا۔ پی سی اے فرانس کی ایک کمپنی کوجہازوں کے کمیوکیشن کیبل مہیا کرے گا، دوسرا معاہدہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری اور دبئی کی کمپنی میں ہوا۔پی سی اے فرانس کی ایک کمپنی کوجہازوں کے کمیوکیشن کیبل مہیا کرے گا۔دوسرا معاہدہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری اور دبئی کی کمپنی میں ہوا۔کراچی میں جاری دفاعی نمائش آئیدیاز 2016 میں پاکستان کے الخالد ٹینک کا جدید ترین ورژن الخالد ون متعارف کرادیا ہے، ٹینک جنگ کی صورت میں دشمن کے عقب میں پہنچ کر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی مصنوعات کے متعلق ہونے والی نمائش میں شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیلئے نئی بکتربند گاڑیاں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ایک بار کی فیولنگ میں ساڑھے چارسو کلومیٹر تک کا سفر کرکے دشمن کے عقب میں پہنچنے کی صلاحیت، 125 ملی میٹر کی طاقت ور بیرل سے ایک منٹ میں 6 سے 8 گولے فائر کرنے والا جدید ترین پاکستانی ٹینک الخالد ون، جو 3ہزار میٹر تک ٹھیک ٹھیک نشانہ لگا سکتا ہے۔کراچی کے علاقے لیاری میں گینگ وار کیخلاف کارروائی کے د وران تباہ ہونے والی بی سکس لیول کی بکتر بند گاڑی کی جگہ اب پروٹیکٹر وہیکل بی 7متعارف کرائی گئی ہے جو اسٹیل بلٹ سے بھی تحفظ دے سکتی ہے۔شہری علاقوں میں دہشت گردوں سے مقابلے کیلئے دو بکتربند گاڑیاں ڈریگن اور طلحہ ہیں جو ہیوی فائر اور راکٹ لانچر کے خلاف تحفظ فراہم کرتی ہیں، پنجاب میں چھوٹو گینگ کے خلاف یہی بکتر بند گاڑیاں استعمال ہوئیں۔پاکستان نے الخالد ٹینک سمیت اپنی دیگر مصنوعات دوست ملکوں کو فروخت کیلئے پیش کردی ہیں، آئیڈیاز 2016 میں شریک غیرملکی مندوبین نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی مصنوعات میں زبردست دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ دریں اثناء چیف آف دی نیول اسٹاف ، ایڈمرل محمد ذکاءاللہ، پاکستان چیف آف ایئر اسٹاف ، ایئر چیف مارشل سہیل امان، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر پنجاب، ملک محمد رفیق رجوانہ نے آج آئیڈیاز 2016 کا دورہ کیا اور مختلف اسٹالوں پر نمایاں کیا گیا دفاعی سازوسامان اور آلات کا معائنہ کیا اور ٹیکنالوجی کو سراہا۔ انہوں نے اس موقع پر غیر ملکی اور ملکی کمپنیوں کی مصنوعات کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں اور غیر ملکی کمپنیوں کی آئیڈیاز میں شرکت کو سراہا۔امیر البحر ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے اسٹال کا دورہ کیا اور پیشہ ورانہ معلومات حاصل کیں، انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز نمائش سے پاکستان کا دنیا بھر میں تشخص ابھرا ہے اور ڈیفنس انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔پاکستان کی فوج پیشہ ورانہ فوج اور تمام صلاحیتوں سے لیس ہے۔ ہماری دفاعی مصنوعات دنیا بھر میں اعلیٰ معیار اور ٹیکنالوجی کی پہچان ہیں۔نمائش کا انعقاد پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔اس موقع پر چیف ایئر مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاکستان کی افواج چوکس ہیں اور وہ دشمن کی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت خطے کا امن تباہ کرنے کی بجائے کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کی طرف آگے بڑھے۔انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2016 خطے کی بڑی دفاعی نمائش ہے جو دفاعی صنعت کے فروغ کا باعث ہوگی۔پاکستان سپر مشاق طیارے نائیجیریا کو فروخت کرنے کے لیے تیار کررہا ہے جبکہ 52 سپر مشاق طیارے ترکی سے معاہدے کے بعد فروخت کئے جائیں گے۔آج نمائش میں مختلف معاہدے تشکیل پائے اور مختلف مصنوعات کو اجاگر کیا گیا۔اسی طرح نمائش کے موقع پر سائڈ لائن کانفرنسوں کا انعقاد بھی جاری رہا۔اس موقع پر پاکستان اور فرانسیسی کمپنی کے درمیان معاہد ہ بھی ہوا جس کے تحت فرانسیسی کمپنی پاکستان میں تیار ہونے والے سامان کو عالمی معیار کے مطابق ہونے کی تصدیق کرے گی اور اس سے پاکستان کی دفاعی برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔ علاوہ ازیں کراچی کی نجی کمپنی انٹی گریٹڈ ڈائنامکس نے 15سال کی تحقیق کے بعد فضائی نگرانی کے لیے جدید ترین ڈرون تیار کرلیا جسے پہلی مرتبہ دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز 2016ئ کے ذریعے دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا، جدید کمیونی کیشن سہولتوں سے لیس اس طیارے کو کراچی سے کنٹرول کرتے ہوئے پاک چین اقتصادی راہداری کی گوادر تا کاشغر فضائی نگرانی کی جاسکتی ہے۔اس ضمن میںانٹی گریٹڈ ڈائنامکس کے چیف ایگزیکٹو راجہ صابری خان نے بتایا کہ ان کے ادارے نے 15 سال کی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے بعد ایرو (ARROW) کے نام سے جدید ترین فضائی نگرانی کا جہاز تیار کیا ہے جسے سول کے علاوہ دفاعی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، طیارے میں رات کے وقت بھی فضائی نگرانی کی سہولت ہے۔جدید سرویلنس نظام سے منسلک یہ جہاز پائلٹ اور بغیر پائلٹ دونوں طرح سے اڑان بھرسکتا ہے اور 57سے 154کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سے مسلسل 15 گھنٹے 18ہزار فٹ کی بلندی سے اہداف کے ہائی ریزولوشن مناظر لے کر 500کلو میٹر تک کے فاصلے پر قائم اپنے کمانڈ سینٹر کو ارسال کرسکتا ہے جبکہ جی پی آر ایس اور جدید کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے اس جہاز کو دنیا کے کسی بھی حصے سے کنٹرول اور ویڈیوز اور تصاویر موصول کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایرو سی پیک اور حساس تنصیبات کی نگرانی کے لیے موثر ہتھیار ہے جس میں 150کلو گرام تک وزن اٹھانے کی بھی گنجائش ہے، ضرورت پڑنے پر اسے دفاعی مقاصد اور دشمن کونشانہ بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔جہاز کو ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں کراچی سے گوادر بھیج کر گوادر تا کاشغر اکنامک کوریڈور کے پورے راستے کی فضائی نگرانی کراچی میں بیٹھ کر بھی کی جا سکتی ہے اور اس جہاز سے اکنامک کوریڈور کے اطراف خصوصی گرانڈ اسٹیشنز کو لائیو ویڈیو اور تصاویر ارسال کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی اس جہاز کو سی پیک کی نگرانی کے لیے پاکستانی اور چینی حکام کے سامنے پیش کرے گی۔ راجہ صابری خان نے بتایا کہ ان کے متعدد ڈرون مختلف ملکوں میں سول مقاصد کے لیے انتہائی کامیابی کے ساتھ استعمال کیے جارہے ہیں ۔جن میں زراعت کا شعبہ، ٹریفک کی نگرانی، تیل و گیس کی پائپ لائنز کی حفاظت اور دیگر شعبے شامل ہیں، جہاز کا گرانڈ کنٹرول اسٹیشن، پروگرامنگ، ڈسپلے سافٹ ویئرز اور دیگر آلات بھی مقامی سطح پرہی تیار کیے گئے ہیں، جہاز سمیت پورا سسٹم 20فٹ کے کنٹینر میں بند کرکے مطلوبہ مقام تک پہنچایا جاسکتا ہے اور ایک گھنٹے کے اندر اسمبل کر کے فضا میں اڑان کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔یاد رہے کہ اینٹی گریٹڈ ڈائنامکس نے پاکستان کا پہلا ڈرون طیارہ براق بھی تیار کیا تھا جسے بعد ازاں ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتی سطح پر چین کی معاونت سے جدید ویپن سسٹم سے لیس کر دیا گیا، کمپنی پاکستان میں فضائی نگرانی اور بغیر پائلٹ سسٹم کی تیاری میں ماہرہے اور اس کے طیارے اور کنٹرول سسٹم مغرب سمیت متعدد ملکوں کو حکومتی منظوری سے برآمد کیے جارہے ہیں۔
دفاعی نمائش

ای پیپر دی نیشن