اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی طرف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں دی گئی الوداعی ضیافت میں نئے آرمی چیف کی تقرری کے بارے میں ”مٹھی“ نہیں کھولی۔ انہوں نے ضیافت میں چاروں سینئر ترین جرنیلوں لیفٹیننٹ جنرل محمود حیات‘ لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد‘ لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے اور لیفٹیننٹ جنرل قمر باجوہ کو بھی مدعو کیا اور ان کو مرکزی ٹیبل پر اپنے ساتھ بٹھایا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف جو انتہائی پراعتماد دکھائی دے رہے تھے اپنی باڈی لینگویج سے کسی سینئر جرنیل کے بطور آرمی چیف تقرری بارے عندیہ نہیں دیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے جس طرح موجودہ آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں کی جانے والی قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کر دکھایا۔ اسی طرح انہوں نے جمعرات کی شب وزیراعظم ہا¶س میں دی جانے والی بڑی تقریب میں بھی سرپرائز برقرار رکھا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے ”نئے آرمی چیف“ کی تقرری کے بارے میں فیصلے کو محض اس لئے خفیہ رکھا ہے تاکہ اس بارے میں آخری وقت تک کسی کو معلوم نہ ہو کہ کون چیف آئے گا؟ ذرائع کے مطابق نئے آرمی چیف کے بارے میں صرف وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان‘ وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو علم ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف ترکمانستان کے دورہ سے واپسی کے بعد نئے آرمی چیف کے نام کا اعلان کریں گے۔
وزیراعظم/ سرپرائز
جنرل راحیل کے اعزاز میں الوداعی ضیافت‘ وزیراعظم نے ”بند مٹھی“ نہیں کھولی
Nov 25, 2016