اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سوئیزر لینڈ کے ایشیاءاور پیسیفک کے لئے نائب وزیر خارجہ جو پانینر میٹیاسے نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ سوئس سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے سوئس نائب وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ اور مہذب دنیا بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں کے خلاف مظالم روا رکھنے سے روکے۔ بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی منع کیا جائے۔ پاکستان اپنے پڑوسی ممالک بھارت‘ افغانستان اور ایران کے ساتھ پرامن بقائے باہمی چاہتا ہے اور خطے میں عوام کی عمومی خوشحالی کے لئے زیادہ علاقائی معاشی تعاون پر یقین رکھتا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ سوئٹزر لینڈ پاکستان کا قریبی دوست ملک ہے۔ انہوں نے سوئس ترقیاتی ادارے کی پاکستان کے لئے امداد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ او ای سی ڈی کی رکنیت‘ سکوک کا اجراءاور پاکستان کی ریٹنگ میں اضافہ سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی طورپر اپنی جگہ بنا رہا ہے۔ اس سال 5.5 فی صد گروتھ ریٹ حاصل ہوگا۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔ سوئس وزیر نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے دورے میں کافی ملاقاتیں کی ہیں۔ پاکستان میں سیکیورٹی حالات بہتر ہوئے ہیں پاکستان میں 21 سوئس کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔
اسحاق ڈار