مقبوضہ بیت المقدس(آئی این پی)اسرائیل نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں 500نئے یہودی گھروں تعمیرکرنے کا منصوبہ بحال کردیا، اقوام متحدہ نے اظہار تشویش کیا ہے ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے مشرقی یروشلم میں 500 نئے یہودی گھروں کی تعمیرکا اعلان کیا ہے، امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد اسرائیل کا نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کا یہ پہلا منصوبہ ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق یہ منصوبہ 2014 سے زیر التوا تھا۔ نئی یہودی بستی کی تعمیر پر اقوام متحدہ نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مندوب نکولے ملادنوف نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ اسرائیل اقدام کے بعد مشرق وسطی میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے فلسطینی ریاست کو وہ خطرات لاحق ہورہے ہیں جو پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔ انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو نئی یہودی بستیوں کی تعمیر سے روکے۔