کورنگی صنعتی علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

Nov 25, 2017

کراچی(کامرس رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر کورنگی عبدالواجد شیخ نے کہا ہے کہ کورنگی صنعتی علاقے سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کیا جارہا ہے، جلد ہی اینٹی انکروچمنٹ مہم کا آغاز کردیا جائے گا۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقعے پر ڈی سی ضلع کورنگی نے کورنگی صنعتی علاقے میں پائی جانے والی تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی اور ای بی ایم کازوے میں کچرے کی ڈمپنگ روکنے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ جام صادق پل کے نزدیک بجری ڈمپ کرنے کا اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے، تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہران ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں قبضہ مافیا کی سرگرمیاں ختم کرنے کے لیے کے ڈی اے حکام کا مطلوبہ تعاون میسر آئے تو اس سلسلے میں بھرپور تعاون کے لیے تیار ہیں۔ قبل ازیں کاٹی کے صدر طارق ملک، سینیئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی، چیئر مین و سی ای او کائٹ ڈی ایم سی زبیر چھایا، مسعود نقی، گلزار فیروز، غضنفر علی خان، فرحان الرحمان اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ قبل ازیں کاٹی کے صدر طارق ملک نے کاٹی آمد پر ڈی سی کورنگی عبدالواجد شیخ کا خیر مقدم کیا۔

مزیدخبریں