چٹاگانگ (اے پی پی) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کھلنا ٹائٹنز نے رنگپور رائیڈرز کو 9 رنز سے شکست دے کر پانچویں کامیابی حاصل کی، اس فتح کے ساتھ ہی کھلنا ٹائٹنز نے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا، رنگپور رائیڈرز 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 149 رنز بنا سکی، روی بوپارہ اور ناہیدالاسلام کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، محموداللہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعہ کو کھیلے گئے بی پی ایل کے 25 ویں میچ میں کھلنا ٹائٹنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، کپتان محموداللہ 59 رنز بنا کر نمایاں رہے، پورن اور عارف الحق 16، 16 کارلوس بریتھویٹ اور ریلی روسو 11، 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، روبیل حسین نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں رنگپور رائیڈرز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹوں پر 149 رنز تک محدود رہی، 45 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد روی بوپارہ اور ناہیدالاسلام حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا تاہم ہدف کے قریب پہنچ کر دونوں کی ہمت جواب دے گئی، بوپارہ کی 59 اور ناہیدالاسلام کی 58 رنز کی اننگز ناکافی ثابت ہوئی، جنید خان نے آخری اوور میں ناہیدالاسلام کو رن آئوٹ اور بوپارہ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو فتح دلائی، کرس گیل 16، برینڈن میک کولم 2 رنز بنا سکے، عافیف حسین نے 2 جبکہ جنید خان اور ابو جاوید نے ایک، ایک وکٹ لی۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، کھلنا ٹائٹنز نے رنگپور رائیڈرز کو 9 رنز سے ہرا دیا
Nov 25, 2017