قاہرہ (صباح نیوز) مصر کے صحرائے سینا میں واقع مسجد پر دہشت گردوں کے حملے میں 235 افراد جاں بحق اور 130زخمی ہوگئے۔ مصری میڈیا کے مطابق جمعہ کے روز دہشت گردوں نے ضحرئے سینا کے علاقے العریش میں واقع مسجد راودا پر اس وقت حملہ کیا جب نماز جمعہ کا خطبہ جاری تھا، اس دوران چار گاڑیوں میں آئے دہشت گردوں نے نمازیوں پر فائرنگ شروع کردی۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اورزخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی جس کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا جا رہا ہے دوسری جانب وزارتِ صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے بتایا کہ حملے کے دوران بم دھماکے بھی ہوئے جس سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔ مرنے والوں میں عورتیں، بچے اور فوجی اہلکار شامل ہیں۔اسے مصر میں جاری حالیہ کشیدگی کے بعد ہونے والا بدترین حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ حملے کا نشانہ بننے والی مسجد صوفی ازم کے پیروکاروں میں مقبول تھی جنہیں شدت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ مصری حکومت نے اس حملے کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ یہ حملہ کس نے کیا یہ تاحال معلوم نہیں ہو سکا۔