گاڑی کی ٹکر 3 مزدور جاں بحق نعشیں رات بھر پولیس چوکی کے قریب پڑی رہیں

Nov 25, 2017

لاہور/ کراچی (نامہ نگاران + کرائم رپورٹر) نیو کالاخطائی لاہور روڈ پر نارنگ منڈی کے علاقہ مہتہ سوجا کے قریب نامعلوم گاڑی نے موٹرسائیکل سوار تین افرادکو کچل کر ہلاک کر دیا اور پولیس چوکی مہتہ سوجا محض ایک فرلانگ کے فاصلہ پر ہونے کے باوجود نعشیں پوری رات سڑک کنارے پڑی رہیں اور صبح 9بجے پولیس نے نعشیں اٹھائیں اور ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مہتہ سوجا کے رہائشی سموئیل مسیح، شاہد انصاری اور محمد لطیف کھیتوں سے مونجی کی فصل اٹھانے کی مزدوری (پلے داری) کیلئے جارہے تھے کہ رات گئے نامعلوم گاڑی نے انہیں بری طرح روند ڈالا۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ سے ذمہ دار نا اہل پولیس ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ شاہد اور لطیف موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ سموئیل مسیح کی نعش بدوملہی ریلوے بائی پاس کے قریب ملی جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کسی نامعلوم گاڑی والے نے ہمدردی کے طور پر سموئیل مسیح کو ہسپتال لے جانے کی کوشش کی لیکن جب وہ راستہ میں دم توڑ گیا تو بدوملہی ریلوے بائی پاس کے قریب پھینک کر چلے گئے۔ علاوہ ازیں یونین کونسل جھگیاں کے سیکرٹری ذوالفقار علی ہاشمی اور نائب قاصد خادم حسین چک نمبر30مومن کے قریب ریلوے کراسنگ لیول پر ریلوے انجن کی زد میں آگئے جس سے ذوالفقار موقع پر دم توڑ گئے جبکہ خادم حسین کی ٹانگ کٹ گئی، مقامی ریلوے پولیس نے متوفی ذوالفقار علی ہاشمی کی نعش اور زخمی خادم حسین کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال صفدر آباد منتقل کر دیا۔ اطلاع ملنے پر وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر، لیگی رہنما میاں اعجاز حسین بھٹی اور چوہدری محمد انیس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال صفدر آباد پہنچ گئے، متوفی ذوالفقار علی ہاشمی وفاقی وزیر برجیس طاہر کے دیرینہ ساتھی تھے۔ کراچی سے کرائم رپورٹر کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر بسوں کی ریس نے کمسن بچی کی جان لے لی، باپ زخمی ہوگیا، خونی حادثہ جمعہ کی صبح سعید منزل کے علاقے میں نجی سکول کے نزدیک ہوا جس کے بعد بس ڈرائیور فرار ہوگیا جبکہ مشتعل شہریوں نے حادثے میں ملوث بس سمیت دو بسوں کو نذر آتش کردیا۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں گیارہ شہریوں کو ہی دھر لیا۔ سولجر بازار کا رہنے والا حذیفہ اپنی بیٹی6 سالہ سکینہ کو سکول چھوڑنے جارہا تھا۔ کمسن سکینہ کی لاش گھر پہنچی تو وہاں کہرام مچ گیا اور اس کی ماں کی حالت غیر ہوگئی۔ سکینہ کو بعدازاں جمعہ کی دوپہر سپرد خاک کر دیا گیا۔ سکھیکی+ حافظ آباد + ونیکے تارڑ سے نامہ نگار کے مطابق تیز رفتار آئل ٹینکر نے پیچھے سے ٹکر مارکر موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، ماں بیٹا موقع پرہلاک جبکہ خاتون کا بھتیجا شدید زخمی ہوگیا۔ نواحی گائوں فتیکی کا رہائشی خرم شہزاد اپنی والدہ تحضیم بی بی اور کزن عامر کے ہمراہ موٹر سائیکل نمبر HZK-3358 پرسکھیکی سے پنڈی بھٹیاں کی طرف جارہے تھے کہ چوکی سکھیکی اڈا پر پیچھے سے آنے والے تیزرفتار آئل ٹینکر نمبر PO-8877 نے ٹکر مار کر کچل دیا جس سے ماں بیٹا موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ عامر شدید زخمی ہوگیاپٹرولنگ پوسٹ پرانیکی کے انچارج شکیل احمد نے آئل ٹینکر کو قبضہ میں لے کرڈرائیور کو موقع پر گرفتار کرلیاجبکہ زخمی عامر کوطبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔

مزیدخبریں