تاجروں کو ٹیکس ریفنڈ بہت جلد شروع کیا جائیگا: صدر ممنون

Nov 25, 2017

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تاجروں کوٹیکس ریفنڈ بہت جلد شروع کیا جائے گا تاکہ تاجر برادری کا حکومتی اداروں پر اعتماد بڑھے اور وہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے زیادہ سے زیادہ ٹیکس جمع کرائیں، سی پیک کے تحت قائم اقتصادی و صنعتی زونز میں پاکستانی صنعتکاروں کو برابر کی نمائندگی ملے گی، امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے کراچی میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ایوان صدر میں ملک عمر دین کی سربراہی میں تاجروں کے وفد سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی کے صنعتی زون کا بنیادی ڈھانچہ بہتر بنایا جائے گا تاکہ سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے، کچھ عرصہ قبل کراچی کی صورتحال خراب تھی، حکومت نے بڑی محنت سے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) دل کے امراض سے بچائو کیلئے آگاہی مہم چلا رہی ہے جس سے لوگوں میں شعور اجاگر ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ایوان صدر میں پناہ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے چیئرمین میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ دل کی بیماریوں سے بچائو کیلئے پناہ اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پر پناہ کے چیئرمین میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی نے صدر مملکت کو اپنے ادارے کے متعلق بتایا اور اپنی کتاب بھی انہیں پیش کی۔

مزیدخبریں