بھیرہ :رشتہ نہ ملنے پر 4 ملزمان نے گھر میں گھس کر ایک ہی خاندان کے 3 افراد کو قتل کردیا

بھیرہ ( نامہ نگار) بھیرہ میں رشتہ نہ ملنے کے تنازعہ پر 4 ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے باپ،بیٹے اور بہو کو ہلاک کر دیا۔ واقعات کے مطابق محلہ حافظانہ بھیر ہ کے سعودیہ پلٹ حاجی ظہور الہی سے اس کی بیٹی مسماۃ (م) کا رشتہ سلوئی تحصیل چوآسیدن شاہ کے محمد خالد نے مانگا تھا جس کے انکار پر ملزم نے گذشتہ صبح سویرے حاجی ظہور الٰہی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں حاجی ظہور الٰہی، اس کی بیوی مسماۃ منوراں بی بی اور حاجی ظہور کا 90سالہ بوڑھا والد نور الٰہی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ۔ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فائرنگ کی آوازیں سنتے ہی لوگ اکٹھے ہو گئے اور علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرہ منتقل کر دی گئیں جہاں سابق سٹی ناظم عزیز الحق پراچہ ، وزیر مملکت کے نمائندہ میاں نعیم الدین، انصاف یوتھ ونگ نارتھ پنجاب کے نائب صدر چوہدری خالد محمود آرائیں اور سینکڑوں مردو خواتین سوگواروں کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم محمد خالد نے گزشتہ شام مقتول حاجی ظہور الٰہی کوبذریعہ موبائل فون رشتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں ۔ انچارج تھانہ بھیرہ چوہدری عبدالمجید جٹ پولیس نفری کے ہمراہ ملزم کی تلاش کے لیے موبائل کال سے ملنے والے ڈیٹا پر روانہ ہو گئے ہیں ۔ مقتولین کی نعشیں جب تحصیل ہسپتال بھیرہ لائی گئیں تو آہ و بقا کے دلدوز مناظر دیکھنے کو آئے ۔ بتایا گیا ہے کہ مبینہ ملزم محمد خالد اور مقتول حاجی ظہور الٰہی سعودی عرب میںاکٹھے کام کرتے تھے ۔ اور مقتول نے 2دسمبر کو واپس سعودی عرب جانا تھا۔ مقتول کے2 بیٹے اور 3بیٹیاں ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن