پاکستان اوزون کو نقصان پہنچانے والا کوئی مادہ تیار نہیں کرتا:مشاہداللہ خان

Nov 25, 2017

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان اوزون کو نقصان پہنچانے والا کوئی مادہ تیار نہیں کرتا ، ایسے مادہ کی پہلی جنریشن کو ختم کرنے کے بعد ہائیڈرو فلورو کاربن کے خاتمے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ وہ گیارہویںکانفرنس آف پارٹیز ویانا کنونشن فار پروٹیکشن آف اوزون لیئر اور مونٹیرل پروٹوکول کی اوزون کی تہہ کو نقصان پہنچانے والے مادہ سے متعلق29 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ یہ اجلاس مونٹریال کینیڈا میں منعقد ہو رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ اوزون کو نقصان پہنچانے والے مادہ کی پہلی جنریشن کو ختم کرنے کے بعد ہم ہائیڈرو فلورو کاربن کے خاتمے کا عمل شروع کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہائیڈرو فلورو کاربن فیز آوٹ کے پہلے مرحلے میں فوم انڈسٹری سے ہائیڈرو فلورو کاربن کا خاتمہ کردیا ہے۔ ہائیڈرو فلورو کاربن کے خاتمے کا دوسرا مرحلہ ملٹی لیٹرل فنڈ اور دیگر پارٹنر کے تعاون سے شروع کرنے کیلئے تیار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اوزون کو تباہ کرنے والا کوئی مادہ تیار نہیں کرتا اور ہمارے پاس ان کی درآمد کا بھی سخت ریگولیٹری سسٹم موجود ہے۔

مزیدخبریں