معاوضہ تنازعہ ‘پی ایس ایل فرنچائز مالکان نے بائیکاٹ کی دھمکی دیدی

لاہور (نمائندہ سپورٹس) پی ایس ایل 4 کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا، پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز نے معاوضے کے تنازعہ پر لیگ کو خیرباد کہنے کی دھمکی دیدی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز کے درمیان معاوضے کا تنازعہ چل رہا ہے۔پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز کا مطالبہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں لیگ کے منافع سے دیا جانے والا حصہ بڑھائے۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ فی الحال پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز کو منافع میں مزید حصہ دینے کے موڈ میں نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں لیگ کے سپانسر ایچ بی ایل سے نیا معاہدہ کیا ہے۔نئے معاہدے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ کو سپانسر کی مد میں 1 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی رقم ادا کی جائے گی۔سپانسر کی اس رقم میں سے آدھی رقم پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کے پاس، جبکہ آدھی رقم پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس جائے گی۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان سپر لیگ کی سپانسرشپ کی مد میں 54 لاکھ ڈالرز مل رہے تھے، جو اب بڑھ کر 1 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ اسی باعث پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز نے مطالبہ کیا ہے کہ اب انہیں پہلے سے مقرر کردہ منافع کی بجائے زیادہ منافع دیا جائے۔ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو وہ پاکستان سپر لیگ کے سیزن 4 کا بائیکاٹ کر دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن