لاہور( خصوصی نامہ نگار )جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر ،سیدمحمد صفدر شاہ گیلانی ، حافظ نصیر احمد نورا نی ،رشید احمد رضوی، مفتی تصدق حسین ،مولانا محمد سلیم اعوان اورمحمد ارشد مہر نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمنان اسلام کی طرف سے قرآن اور شعائر اسلامی کی توہین کی جسارت سے عالم اسلام کے مسلمانوں میں سخت غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ سب کچھ ناروے حکومت کی سر پرستی میں ہونے جا رہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جا ئے کم ہے اس واقعہ پر عالم اسلام کو ناروے حکومت سے سخت احتجاج کرنا چاہیے۔ انہوں نے ناروے میں نوجوان مسلمانوں کی جراٗت ،اسلام اور قرآن کی محبت کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور رسول اکرمؐسے محبت کرنے والے دنیا کے تمام خطوں میں موجود ہیں اور اللہ و رسول اکرم پر اپنی جانوں کا نذرانہ دینا اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔ قائدین جمعیت علماء پاکستان نے مزید کہا کہ اس طرح کی ناپاک حرکات سے پوری دنیا کا امن تہہ وبالا ہو سکتا ہے جس کے ذمہ دار نام نہاد امن کے ٹھیکیدار ہونگے۔ اس لئے مغربی حکمرانوں کو ایسی حرکا ت روکنے کے لئے موٗثر اقدامات کرنے ہوں گے۔