لاہور(سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی، میزبان ٹیم نے چوتھے روز اپنی پہلی اننگز 615 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی، بی جے واٹلنگ نے ڈبل سنچری سکور کی، مچل سینٹنر نے 126 رنز بنائے، انگلینڈ نے دن کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 55 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 207 رنز درکار ہیں۔مائونٹ مانگینوئی میں بی جے واٹلنگ اور مچل سینٹنر نے ساتویں وکٹ میں 261 رنز کی شراکت قائم کرکے نیوزی لینڈ کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا، مچل سینٹنر نے پہلی ٹیسٹ سنچری سکور کی اور 126 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، بی جے واٹلنگ نے 205 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری ہے، نیوزی لینڈ نے 262 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی پہلی اننگز 615 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی، سیم کرن نے تین جبکہ جیک لیچ اور بین سٹوکس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی 3 وکٹیں 55 کے مجموعی سکور پر گر گئیں، ڈوم سبلی 12، روری برنز 31 اور جیک لیچ صفر پر آئوٹ ہوئے، تینوں وکٹیں کولن ڈی گرانڈہوم نے حاصل کیں، انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 207 رنز درکار ہیں۔
نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 615 رنز پر ڈکلیئر‘ واٹلنگ کی ڈبل سنچری
Nov 25, 2019