لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، ٹیسٹ سیریز برابر کرنا ہمارے لیے بہت ضروری ہے۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا مقصد یہی تھا کہ لمبا سکور کریں اور آسٹریلیا کو دباؤ میں لائیں، پہلا سیشن تو اچھا رہا لیکن دوسرے سیشن میں موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور ٹیسٹ میچ میں پیچھے چلے گئے۔ آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ میں ایک بار پیچھے چلے جائیں تو پھر کم بیک کرنا مشکل ہو جاتا ہے اور ایسا ہی ہمارے ساتھ ہوا۔ اظہر علی نے تسلیم کیا کہ جو مجموعی سکور حاصل کرنا چاہا تھا وہ حاصل نہ کر سکے اور بائولنگ کیساتھ آسٹریلوی ٹیم کو دباؤ میں نہیں لا سکے، رن ریٹ کو بھی کنٹرول نہیں کر سکے، یہی وجہ تھی کہ ہم ٹیسٹ میچ میں بہت پیچھے چلے گئے اور مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ یقینا ابھی ہمارے پاس دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل کافی دن ہیں، ہم خود کو تیاری کریں گے، نئی حکمت عملی بنائیں گے اور ٹیسٹ میچ جیتنا چاہیں گے کیونکہ سیریز برابر کرنا بہت ضرور ی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ میں بہترین 11 کھلاڑی ہی میدان میں اتاریں لیکن یہاں میں یہ ضرور کہوں گا کہ اتنی جلد بیٹسمینوں کے اوپر سوالات اٹھانا اچھا نہیں ہے، ایک ٹیسٹ میچ خراب جانے سے بیٹسمین برا نہیں ہو جاتا۔ مجھے اب بھی یقین ہے کہ ان بیٹسمینوں میں اچھا پرفارم کرنے کی صلاحیت ہے، بابر عظم نے عمدہ اننگز کھیلی، محمد رضوان اس ٹیم میں نیا ایڈیشن ہے، وہ بھرپور اعتماد کیساتھ کھیلا، مجھے یقین ہے کہ بیٹسمینوں کو دوسرا موقع ملا تو وہ اچھا کھیلیں گے۔