کابل (اے پی پی، آئی این پی) افغانستان کے الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ جب تک صدارتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی مکمل نہیں ہو جاتی اس وقت تک ابتدائی نتائج کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔ افغانستان کے الیکشن کمیشن کے ترجمان عبدالعزیز ابراہیمی نے کہا کہ 23 صوبوں میں صدارتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے جبکہ 4 ریاستوں میں اب بھی جاری ہے تاہم بعض امیدواروں کے حامیوں کے اعتراض کی بنا پر 7 ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی روک دی گئی ہے۔ افغانستان میں28 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کا اعلان، تکنیکی مسائل کی بنا پر اب تک 3 بار ملتوی کیا جا چکا ہے۔ افغان الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کے تقریبا ایک ہزار ایک سو اسی پولنگ بوتھوں میں ڈالے گئے ووٹوں کو کینسل کر دیا ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے الیکشن کمیشن نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ دوہزار چارسو ووٹنگ مراکز میں سے ایک ہزار ایک سو انہتر ووٹنگ مراکز نان بائیومیٹک ہونے کی بنا پر الیکشن کمیشن کے لئے غیرمعتبر ہیں اور الیکشن کمیشن کسی بھی گروہ اور ادارے کے زیراثر نہیں ہے۔
افغان صدارتی الیکشن،23صوبوں میں گنتی مکمل، 180پولنگ بوتھوں کے ووٹ مسترد
Nov 25, 2019