لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی تجربہ کاری سے صرف ان کے ذاتی کاروبار نے دن دوگنی رات چوگنی ترقی کی جبکہ پاکستان اور اس کے عوام کی صورتحال بد حال سے ابتر ہو گئی۔ حکومت کی پائیدار پالیسیوں کی وجہ سے کرنٹ اکائونٹ خسارہ ختم ہونے سے روپے کو استحکام ملا ہے جس کے معیشت پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔ اپنی رہائشگاہ پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنوںکے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی پارٹی فنڈنگ کی تمام آڈٹ رپورٹس ٹاپ رینکنگ فرموںکے ذریعے کی جاتی ہے ، کرپشن مافیا پر مشتمل ٹرائیکا اوچھے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی اور عمران خان کو بلیک میل نہیں کر سکتا بلکہ انہیںمنہ کی کھانا پڑے گی۔ کئی دہائیوں سے ملکی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے والے پے در پے ناکامیوں سے بوکھلا گئے ہیںکیونکہ ان کی باقی ماندہ سیاست میں سوائے تاریکی کے کچھ نہیںبچا۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو ناتجربہ کاری کا طعنہ دینے والو ںکے دورمیں پاکستان کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوںمیںدھکیلا گیا۔ انشااللہ پاکستان آگے بڑھے گا اور بد خواہ ایسے ہی ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔آج روپیہ مصنوعی طریقے سے نہیں بلکہ اپنی طاقت سے مستحکم ہے جس کے معیشت پر دورس نتائج مرتب ہوں گے۔ پاکستانی برآمدات میںاضافہ ہو رہا ہے ،حکومت کی توجہ انڈسٹریل گروتھ پر مرکوز ہے جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے او رملک میں خوشحالی آئے گی۔