لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان ریلوے نے اپنے سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے 230ماڈرن ہائی سپیڈ پسنجر کوچز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔ کوچز دو مرحلوںمیں خریدی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں46کوچز امپورٹ کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 184کوچز کیرج فیکٹری اسلام آباد میں خام مال سے تیار کی جائیں گی۔ ان 230کوچز میں 80اکانومی کلاس کوچز 80اے سی سٹینڈرڈ 30پارلر کار 20لیگیج وین 20بریک وین شامل ہیں۔ پاکستان ریلوے مارکیٹ کی ضرورت اور اپنے بزنس ٹارگٹ کو بڑھانے کے لئے حکومت کی ہدایات پر یہ کام کر رہا ہے۔ اس ٹینڈر کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے اس سے پہلے اس کا ایک سیمینار بھی منعقد کیا جا چکا ہے جس میں 69مندوبین نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ پاکستان ریلوے نے 820مال بردار بوگیاں خریدنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جن کا باقاعدہ ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔ ان میں سے 200 امپورٹ کی جائیں گی۔ جبکہ 620 خام مال سے ریلوے ورکشاپ میں تیار کی جائیں گی۔
ریلوے کا 230 جدید ہائی سپیڈ پسنجر‘ 820 مال بردار کوچز خریدنے کا فیصلہ
Nov 25, 2020