لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے فوری اقدامات کرنے کے لیے حکومت کی توجہ مبذول کرانے کی قرارداد سینٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔ قرارداد میں حکومت کی توجہ ایک مظلوم، بے بس اور کمزور پاکستانی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالہ سے مسلسل تاخیر کی جانب مبذول کرائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے مسلم لیگ ن کے وفد نے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کی قیادت میں منصورہ میں ملاقات کی اور ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت اور مغفرت کی دعا کی۔ وفد میں سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، امیر مقام رانا مشہود شامل تھے۔ دیوان احمد مسعود چشتی، خواجہ اسرار الحق چشتی ، پیر خواجہ اکمل اویسی، ڈاکٹر حسن محی الدین، نواز گنڈا پور، پیر فرید فخری ، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، سینئر کالم نگاروں اور اینکرز سجاد میر، اوریا مقبول جان، سلمان غنی، نصراللہ ملک، خالد شہزاد فاروقی، میاں اشفا ق انجم، محمد عثمان، فرخ شہباز وڑائچ اور کالم نویس محمد نعیم و دیگر نے بھی امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے منصورہ میں ملاقات کی اور ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پرسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ،حافظ محمد ادریس ،میاں مقصود احمد ،محمد اصغر ،الخدمت پنجاب کے صدر اکرام سبحانی ،سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔دریں اثنا اسلامک لائیر ز موومنٹ لاہور کے وفد نے نصراللہ اولکھ ایڈووکیٹ کی قیادت سینیٹر سراج الحق سے ان کی والدہ کی وفات پر دعائے مغفرت اور تعزیت کی۔ چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سراج الحق سے انکی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی۔