ریاض (این این آئی )خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ سعودی عرب اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوں۔عرب ٹی وی کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے یورپی کونسل کے چیئرمین چارلس مشیل کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگومیں کہا کہ سعودی عرب پوری دنیا میں اسلامی دنیا اور مسلمانوں کے تئیں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔ ہم انتہا پسندی کے نظریے اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے ، اقوام عالم میں رواداری اور بقائے باہمی کو فروغ دینے اور مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان بات چیت کے لیے اقدامات کرنے میں پیش پیش ہیں۔اس موقع پر کونسل کے چیئرمین نے خدم الحرمین الشریفین کو جی 20 سربراہ اجلاس کے شاندار انعقاد اور اجلاس کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے انتہا پسندی سے نمٹنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مملکت کی نمایاں کوششوں اور اسلامی دنیا میں اس کے قائدانہ کردار کی بنیاد پر ریاست کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کو سراہا۔