لاہور+ کوٹ رادھاکشن+ قصور+ ساہیوال (نامہ نگار+ نمائندگان نوائے وقت) مانگا منڈی میں نجی فیکٹری میں کام کرنے والے ورکرز سے بھری بس روہی نالہ میں الٹ گئی۔ حادثے میں عورتوں سمیت بیس سے زائد ورکرز زخمی ہوگئے ۔ادھر قصور میںٹریفک حادثہ میں باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے جبکہ ساہیوال میںجی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات میں ایک نا معلوم طالب علم جاں بحق، 16مسافر زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مانگامنڈی کے قریب روہی نالے میں فیکٹری ورکرز سے بھری بس جاگری۔ زخمیوں میں عثمان، عنصر، امجد، عمران، نیامت علی، سلمی بی بی وغیرہ شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق تین زخمیوں کو تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ورکرز نے حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور ٹھہرایا ہے۔ ورکرز کا کہناتھا کہ تیز رفتار بس ڈرائیور کی غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے روہی نالے میں گر کر الٹ گئی۔ادھردوست پورہ قصور کا رہائشی محمد یسین اپنے10 سالہ بیٹے غلام نبی کے ساتھ موٹرسائیکل پر جا رہے تھا کہ جب وہ چھانگا مانگا کے قریب پہنچے تو ٹریکٹر ٹرالہ سے ٹکرا گئے اور دونوں کی موت واقع ہوگئی۔ علاوہ ازیں جی ٹی روڈ پر آر اے کے مار کی کے قریب نامعلوم تیز رفتار کار نے ایک طالب علم کو کچل دیا جبکہ جی ٹی روڈ پر چک55۔فائیو۔ایل کے قریب زیر تعمیر پل پر مسافر بس الٹ جانے سے16مسافر شدید زخمی ہو گئے جبکہ تین شدید زخمی گلفام 28سالہ، عبد المجید 44سالہ زشکار 25سالہ کی حالت نازک ہونے پر سول ہسپتال ساہیوال داخل کرا دیا ہے۔