کاون کمبوڈیا میںساتھی ہاتھیوں سے مل کر خوشی محسوس کرے گا،عارف علوی

Nov 25, 2020

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی بیگم ثمینہ علوی نے اسلام آباد چڑیا گھر کے مقبول اور متنازع ہاتھی کاون کی کمبوڈیا روانگی سے متعلق الوداعی تقریب میں شرکت کی۔ صدر اور ان کی بیگم نے مرغزار چڑیا گھر کا دورہ کیا، صدر مملکت کا اس موقع پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گھر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیات امین اسلم اوردوسرے حکام نے استقبال کیا۔ صدر کو جانوروں کے تحفظ کی تنظیم فورپاز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عامر خلیل نے کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی اور دیکھ بھال کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی، صدر نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے اسلامی روایات کے تناظر میں جانوروں کے تحفظ اور انھیں سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے شاندار فیصلہ دیا ہے۔ صدر نے کہا کہ جانوروں کے بچوں کو ان کی مائوں سے ابتدائی دنوں میں جدا کرنے کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، صدر نے توقع ظاہر کی کہا کاون کمبوڈیا میں اپنے ساتھی ہاتھیوں سے مل کر خوشی محسوس کرے گا۔ صدر نے موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ صدر نے کہا کہ صاف شفاف پاکستان تحریک کے تحت مارگلا نیشنل پارک کو مزید محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ لوگوں میں جانوروں کے حقوق اور ان کے تحفظ کے بارے میں شعور پیدا کیا جانا چاہیے۔ 1890 کے جانوروں پر مظالم روکنے کے قانون پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ صدر نے کہا کہ اسلام آباد چڑیا گھر کو دوبارہ قائم کرنے میں تیزی لائی جائے۔ بچوں اور بڑوںمیں یکساںمقبول کیون ہاتھی جس کی الوداعی تقریب میں صدر اور انکی اہلیہ میں شرکت کی 1985 میں سری لنکا میں پیدا ہوا، سری لنکا نے تحفے میں اسے صدر پاکستان کو دیا تھا۔ 1990 میں ایک اور ہاتھی ساحلی کو بنگلہ دیش سے لایا گیا جو 2012 تک اپنی موت تک کیون کے ساتھ رہا۔ کیون کی منتقلی کے بعد دو بھیڑیوں کو 6 دسمبر کو اردن میں جنگلی حیات کے مسکن میں منتقل کر دیا جائے گا جس کے بعد مرغزار چڑیا گھر سے تمام جانوروں کی دوسرے مقامات پر منتقلی مکمل ہو جائیگی۔ 

مزیدخبریں