اوکاڑہ‘ مریدکے میں بھابھی اور منگیتر کو قتل کرکے 2 نوجوانوں کی خود کشی

Nov 25, 2020

شیخوپورہ/ فیروز والہ/ اوکاڑہ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) مریدکے میں پسند کیخلاف منگنی ہونے پر پھوپھی زاد منگیتر کو گولی مار کر جبکہ اوکاڑہ میں دیور نے بھابھی کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کر لی۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق بتایا گیا ہے کہ تھانہ صدر اوکاڑہ کی حدود میں قائم کالونی چک نمبر 5/4-L میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر نعیم ولد شعبان نے اپنی بھابھی نسیم بی بی زوجہ عرفان کو پسٹل سے فائر مار کر خود کو بھی گولی مار لی دونوں ڈسٹرکٹ ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ فیروزوالہ سے  نامہ نگار کے مطابق  جی ٹی روڈ کی آبادی مریدکے میں  نوجوان  نے پسند کیخلاف منگنی پر پھوپھی زاد منگیتر کو سر میں گولی مار کر قتل کر دیا۔ خود بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ بتایا گیا ہے مریدکے پرانا چونگی کے رہائشی رحمت کے بیٹے افضل کی شادی اپنی پھوپھی کی بیٹی ملیحہ سے طے ہوئی تھی جس پر افضل ناخوش تھا اور  پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا لیکن والدین راضی نہیں تھے۔ افضل نے گھر والوں کو کئی بار اس رشتہ کو ختم کرنے کا بھی کہا تھا لیکن وہ نہ مانے۔ نظرانداز کرنے پر افضل نے اپنی کزن کو گھر سے باہر آتے دیکھ کر اس کے سر میں گولی مار کر قتل کر دیا اور کچھ دور جا کر اپنے سر میں گولی مار کر  زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ مقامی پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی ہیں۔

مزیدخبریں