جرمنی میں اب ہائیڈروجن ٹرینیں چلیں گی

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)جرمنی کی معروف فرم سیمنز نے ٹرین آپریٹنگ کمپنی ڈوئچے باہن کے ہمراہ ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرینیں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔دونوں کمپنیوں نے مشترکہ اعلامیے میں 2024 میں پہلی ہائیڈروجن ٹرین کا تجربہ کرنے اور اس سے  2025 سے باقاعدہ ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرینیں متعارف کرانے کا عزم ظاہر کیا۔کمپنی کی جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ہائیڈروجن ٹرین دو ڈبوں پر مشتمل ہو گی اور اس کی رفتار 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی۔ ٹرین کو صرف 15 منٹ میں ری چارج کیا جا سکے گا۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ہائیڈروجن ٹرینیں ابتدائی طور پر 370 میل سے زیادہ علاقے کو کور کریں گی۔ ان ٹرینوں کو متعارف کرانے کا مقصد کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنا ہے۔ ان کی بدولت ڈیزل سے چلنے والی 1300 ٹرینیں بند کر دی جائیں گی جو فضائی آلودگی کا سبب ہیں۔ٹرین کو مائریو پلس ایچ کا نام دیا گیا ہے جس میں ایک بیٹری اور چند فیول سیلز لگے ہیں جو ہائیڈروجن اور آکسیجن کو بجلی میں منتقل کرنے کا کام انجام دیتے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن