لاہور (پ ر ) سینئر صحافی و تجزیہ نگار سہیل وڑائچ نے سینئر صحافی دلاور چودھری کی دعوت پربرڈ ووڈروڈ پر قائم لائبریری کا دورہ کیا ‘اس موقع پر ایمرا کے صدر آصف بٹ ، سماجی شخصیت شاہد قادر ، کامران ابرار ، مرتضیٰ صدیقی اور فیصل رانا بھی ہمراہ تھے۔ لائبریری کے وزٹ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سہیل وڑائچ نے کہا آج کے دور میں جب لوگ کتاب پڑھنا بھول گئے ہیں دلاور چودھری نے ایسی لائبریری بنائی ہے جس کا شمار بین الاقوامی لائبریریوں میں ہوتا ہے۔ اس لائبریری میں ڈیڑھ سو سال پرانی کتابیں دیکھی تو حیرت ہوئی۔ دلاور چودھری نے اس لائبریری میں وہ کتابیں رکھ دی ہیں جو دنیا میں نایاب ہیں ہمیں چاہیے کہ دلاور چودھری کی اس کاوش سے فائدہ اٹھائیں اور ایک ایسی سوسائٹی تشکیل دیں جہاں کتابوں کی نمائش کی جائے اورنوجوان نسل میں کتابیں پڑھنے کا شوق پیدا ہو۔ دلاور چودھری نے کہا کہ مجھے خوشی ہے آج بین الاقوامی شہرت یافتہ صحافی سہیل وڑائچ میری حوصلہ افزائی کرنے میرے گھر آئے ۔سہیل وڑائچ جیسے چند صحافی جو کتابوں کی قدر کو جانتے ہیں ہمارا اثاثہ ہیں ۔صدر ایمرا آصف بٹ نے بھی دلاور چودھری کی کوشش کو سراہا اور کہا کہ ایمرا ہیڈ آفس میں لائبریری کا قیام کر چکے ہیں اسکی کامیابی کیلئے دلاور چودھری سے رہنمائی لیں گے۔ شاہد قادر نے بھی دلاور چودھری کی کتاب دوستی کو سراہا اور کہا کہ دلاور چودھری نے اپنی رہائش گاہ پر لائبریری قائم کر کے کتاب دوست ہونے کا ثبوت پیش کیا۔
دلاورچوہدری کی لائبریری کاشمار بین الاقوامی سطح پر ہوتا ہے:سہیل وڑائچ
Nov 25, 2020