سندھ میں بارش کے بعد جاڑا آگیا بجلی کی آنکھ مچولی

نواب شاہ/سکھر/پڈعیدن(بیورورپورٹرز/ نامہ نگاران )موسم سرماکی پہلی بارش کے بعدنواب شاہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،جاڑے کی شدت کے ساتھ ہی خشک میوہ جات اورگرم کپڑوں کے مانگ بڑھ گئی، شہریوں نے گرم کپڑے نکال لئے اور سردی کی شدت سے بچنے کیلئے شہریوں نے لنڈے بازار کا بھی رخ کیا، شہر کے ہوٹلوں میں گرم چائے اورگرماگرم سوپ کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دوروز تک شہر اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے جس سے سردی کی لہرمیں مزیدتیزی آسکتی ہے٭سکھر سے بیورورپورٹرکے مطابق بدھ کے روز موسم سرما کی پہلی بارش نے گرمی اڑن چھو کر دی، سرد ہوائوں کیساتھ ہونی والی موسلا دھاراور ہلکی پھلکی وقفے وقفے سے بارش کے بعد سکھر کا موسم خوشگوار ہوگیا ، تفریحی مقامات کی رونقیں بحال ہو گئیں جبکہ موسم کے مزے دوبالا کرنے کیلئے شہریوں نے گرم کھانے پینے ، پکوڑے ، سموسے و دیگر اشیاء کی دکانوں کا رخ کیا ،  بارش کی وجہ شہر کے مختلف علاقوں کا نکاسی آپ نظام مکمل طور پر خراب ہو گیا جس کی وجہ گندہ پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا جبکہ سکھر کا موصلاتی نظام بھی درہم برہم رہا بارش کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی بھی آنکھ مچولی بھی جاری رہی جبکہ ترجمان سیپکو کے مطابق  شدید بارش اور آندھی طوفان سے ٹریپنگ، 62 فیڈرز سے شہداد کوٹ، قمبر، جی-کھیرو، گرھی یاسین، نئو دیرو، وارہ، لاڑکانہ سائیٹ، نصیرآباد، لنک نیو، میرو خان اور لنک سٹی فیڈرز سے بجلی کی فراہمی متاثر ہے٭پڈعیدن سے نامہ نگارکے مطابق سردی کی لہر کے ساتھ ہی پڈعیدن میں انڈے 170 روپے فی درجن اور مچھلی 350 روپے کلو کردی گئی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق پڈعیدن سمیت نواحی علاقوں میں درجہ حرارت دس سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہؤا میں نمی کا تناسب نوے فیصد رہا جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان موجود ہے۔                

ای پیپر دی نیشن