اسلام آباد (اے پی پی) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی ترقی اور خوشحالی میں مزید فعال کردار ادا کرے گی۔ چین علاقائی تعاون کے مزید فروغ میں مصنوعات کی تجارت کے حوالے سے گوادر بندرگاہ کی حمایت کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پریس کانفرنس کے دوران گوادر بندرگاہ کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نہ صرف چین اور پاکستان کے عوام کے مفاد میں ہے بلکہ علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے میں بھی معاون ہے۔ ہمیں نئی پیشرفت دیکھ کر خوشی ہے۔ ہم تجارت اور سامان سے متعلق علاقائی تعاون میں گوادر پورٹ کے زیادہ کردار کی حمایت کرتے ہیں۔ بین الاقوامی راہداری کی سرگرمیاں گوادر بندرگاہ پر پہلے مچھلی کے سامان کی چین آمد کے لئے پہنچنے کے ساتھ ہی شروع ہوگئی ہیں۔ آنے والے دنوں میں ، ایل پی جی، سٹیل پائپ ، ڈی اے پی کھاد سمیت افغانستان جانے والے بین الاقوامی سامان پر مشتمل مزید جہازوں کا گوادر پورٹ پہنچنا طے ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ تمام جماعتوں کی کوششوں سے سی پیک یقینی طور پر خطے میں خوشحالی کے حصول میں مدد کرنے میں زیادہ مثبت کردار ادا کرے گا۔ گوادر میں ایک ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ بھی قائم کیا گیا ہے جس سے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ بندرگاہ کو ایک اہم ٹرانزٹ ٹریڈ حب میں تبدیل کیا جا سکے۔
سی پیک علاقائی ترقی خوشحالی میں مزید فعال کردار ادا کریگی: چین
Nov 25, 2020