لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے سرکاری نتائج کے بعد ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی مخصوص نشستوں سے متعلق بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ٹیکنوکریٹس کی 3 اور خواتین کی 6 مخصوص نشستوں سے متعلق نوٹیفکیشن چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان نے جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکنوکریٹس کی 3 میں سے 2 نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مل گئیں جبکہ ایک نشست پیپلزپارٹی کے حصے میں آئی۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اکبر علی اور فضل رحیم جبکہ پیپلزپارٹی کے غلام شہزاد ٹیکنوکریٹس نشست پر منتخب ہوئے۔ خواتین کی 6 مخصوص نشستوں میں سے 4 پی ٹی آئی کو ملیں جبکہ ایک مخصوص نشست پیپلزپارٹی اور ایک (ن) لیگ نے حاصل کی۔ خواتین کی مخصوص 4 نشستوں پر پی ٹی آئی کی کنیز فاطمہ، ثریا زمان، دلشاد بانو اور کلثوم الیاس منتخب ہوئیں۔ پیپلزپارٹی کی سعدیہ دانش اور (ن) لیگ کی صنم بی بی خواتین کی مخصوص نشستوں پر اسمبلی میں پہنچی ہیں۔ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے 10 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ 6 کامیاب آزاد امیدواروں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔ خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی نشستوں کی تقسیم کے بعد پی ٹی آئی نے 33 کے ایوان میں 22 نشستیں حاصل کی ہیں اور وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میںآگئی ہے۔ جبکہ ایک ایک نشست جے یو آئی ف او ایم ڈبلیو ایم کے حصے میں آئی۔ جی بی اے 2 گلگت ٹو سے پی ٹی آئی کے امیدوار فتح اللہ خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ دریں اثناء گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلا س آج ہوگا۔ نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ نو منتخب ارکان وزیراعلیٰ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کریں گے۔