کرونا، مزید 48ہلاکتیں ، سندھ میں کاروبار شام 6بجے تک ، مزاروں میں داخلہ بند

اسلام آباد/ کراچی/ ننکانہ/ بوریوالہ (خصوصی نمائندہ +نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 48 افراد انتقال کر گئے جبکہ 2954 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 39 ہزار 165 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2954 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 48 افراد انتقال کر گئے۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹوں میں کرونا مثبت آنے کی شرح 7.5 فیصد رہی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کرونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7744 ہو گئی ہے جب کہ مجموعی کیسز 3 لاکھ79 ہزار 883 تک جا پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 875 مریض کرونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 954 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 15 ہزار 138، سندھ میں ایک لاکھ 64 ہزار 651، خیبر پی کے میں 44 ہزار 932، بلوچستان میں 16 ہزار 846، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 558، اسلام آباد میں 27 ہزار 555 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 203 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 56 ہزار 120 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔  پنجاب میں 2 ہزار 879، سندھ میں 2 ہزار 845، خیبر پی کے میں ایک ہزار 330، اسلام آباد میں 285، بلوچستان میں 163، گلگت بلتستان میں 95 اور آزاد کشمیر میں 147 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات کی تعداد14 لاکھ سے تجاوز کرگئی، مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد5 کروڑ95 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 59514808 ہے، وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک1402028 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا کے فعال متاثرین کی تعداد 16957218 ہے، کرونا وائرس کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، برازیل کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے دوسرے اور مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دوسرا اور ہلاکتوں کے اعدادوشمار سے تیسرا شدید متاثرہ ملک ہے۔ امریکہ میں کرونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ27 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس کے باعث اب تک 2 لاکھ 63 ہزار 6 سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 12777174 تک پہنچ گئی ہے۔  برازیل کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید302 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد 169541ہے۔  کرونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے لگی۔ صوبے بھر میں  کاروبار 6 بجے تک بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے، کاروبار کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک ہونگے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق تمام تجارتی مراکز جمعہ اور اتوار کو مکمل بند رہیں گے، جمعہ اور اتوار صرف اشیا ضروریہ کی دکانیں کھلیں گی۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے نئی پابندیاں 31 جنوری 2021 تک لاگو رہیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری، نجی دفاتر، پبلک مقامات پر ماسک پہنا لازمی قرار، جرمانہ بھی ہوگا، سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد کم سٹاف رکھا جائے، بند جگہوں پر شادی کی تقریبات پر پابندی جبکہ صرف کھلے مقامات پر شادی ہوگی، شادی میں 200 مہمانوں کی اجازت ہوگی، تقریب 9 بجے ختم کرنا ہوگی۔ محکمہ داخلہ سندھ نے شادی میں بوفے سروس پر بھی پابندی عائد کر دی۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ کھانا پیک ڈبوں میں مہمانوں میں تقسیم کرنے کی اجازت ہوگی، مزارات، انڈور سینما، تھیٹر، جم، بند رہیں گے، ریسٹورنٹس کے اندر کھانے پر پابندی، کھلے مقام پر رات 10 بجے تک ڈائننگ کی اجازت ہوگی، ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری بھی رات 10 بجے تک ہوگی۔کراچی کے تاجروں نے سندھ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی نئی کورونا ایس او پیز کو ماننے سے انکار کر دیا۔کراچی کی بولٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن نے حکومت کے صبح 6 سے شام 6 بجے تک کاروبار کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے۔ کراچی کی بولٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر جاوید قریشی کا کہنا ہے کہ چھوٹا تاجر پہلے ہی پس چکا ہے، حکومت سے فیصلوں پر نظر ثانی کی اپیل کرتے ہیں۔ تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت خصوصاً چھوٹا تاجر اس کا متحمل نہیں ہو سکتا، قلیل دورانیے سے بازار میں رش بڑھے گا، جو کرونا کو بڑھائے گا۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے ضرورت پڑی تو تعلیمی ادارے بند کرنے سے متعلق اپنا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ہر صوبے کے اپنے حالات ہیں، اگر ضرورت پڑی تو تعلیمی اداروں سے متعلق اپنا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے پورے ملک میں کورونا پھیل رہا ہے، بچوں کی زندگیوں سے تو نہیں کھیل سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے وبا پھیلانے کی وجہ بن سکتے ہیں اس لیے تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا۔ شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ جو سکول آن لائن تعلیم نہیں دے سکتے وہ ہوم ورک دیں۔ سندھ میں کرونا سے متعلق نئی احتیاطتی تدابیر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق دفاتر میں آدھے ملازمین روٹین کے تحت گھر سے کام کریں گے جبکہ سینما‘ مزارات اور جم بند کرنے کافیصلہ کر دیا گیا ہے۔   پاکستان نے باقاعدہ طور پر کرونا ویکسین کی تیاری کا عمل شروع کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزارت صحت کو کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے مراسلہ لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت تمام سٹیک ہولڈرز اور پرائیویٹ سیکٹر سے مشاورت کرکے تجاویز تیار کرے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں امریکا سے خط و کتابت کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کرونا ویکسین کی پاکستان میں تیاری میں امریکا نے تعاون پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امریکا  کرونا ویکسین پہلے اپنے شہریوں اور پھر اتحادیوں کو دے گا  امریکا نے ویکسین تیاری میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے وزیراعظم کی جانب سے وزارت صحت کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز اور پرائیویٹ سیکٹر سے مشاورت کرکے فوری طور پر تجاویز بھجوائی جائیں۔ ننکانہ صاحب میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر رائل گولڈ مارکی کو سیل کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ضلع بھر میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے گزشتہ روز کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ صباء سحر نے رائل گولڈ مارکی  کو سیل کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر  بوریوالہنے کرونا ایس او پیز اور ون ڈش کی خلاف ورزی پر شادی ہال سیل، 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کامران بشیر ڈوگر نے اطلاع ملنے پر عظیم آباد ہائی سکول کو سامنے واقع پیراڈائز شادی ہال پر اچانک چھاپہ مارا تو وہاں ایک شادی کی تقریب منعقد ہورہی تھی جہاں کرونا ایس او پیز اور ون ڈش کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہورہی تھی جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے شادی ہال کو فوری طور پر سیل کر کے اسکے مالک شیخ جنید کو 50 ہزار روپے نقد جرمانہ بھی کردیا۔علامہ اقبال اوپن  یویورسٹی نے بی اے، اے ڈی ای، اے ڈی سی، پی جی ڈی، بی ایس، بی ایڈ، ایم اے اور ایم ایس سی پروگرام کے ملک بھر میں جاری امتحانات 26 نومبر سے ملتوی کر دیئے ہیں۔ یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے پورے ملک  میں 26 نومبر سے 10جنوری تک تعلیمی ادارے بند کرنے اور امتحانات اور دوسری تعلیمی سرگرمیاں ملتوی ہونے کے بعد کیا گیا۔ طلباء کو نظرثانی شدہ رول نمبر سلپس بذریعہ ڈاک بھی ارسال کی جائیں گی اور ہر طالب علم کو یونیورسٹی ریکارڈ میں موجود ان کے موبائل نمبر پر ایس ایم ایس پر اطلاع بھی دی جائے گی۔ تعلیمی اداروں میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے باعث گلگت بلتستان کی قراقرم انٹرنیشنل  یونیورسٹی کے ڈینز کمیٹی، تمام شعبہ جات کیسر برہان، سینئر انتظامی آفیسران کی سفارش پر قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے یونیورسٹی کو تاحکم ثانی بند کرنے کا فیصلہ کر دیا۔  تاہم یونیورسٹی کے فیکلٹی و مینجمنٹ سٹاف معمول کے مطابق اپنی حاضری  کو یقینی بنائینگے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور شعبہ امتحانات کے مطابق بی ایس، بی ایس سی، ٹیکنالوجی، ایل ایل بی، ایم اے، ایم ایس سی امتحانات کرونا وباء کے پیش نظر حکومت کے اعلان کے مطابق غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ جبکہ بی اے، بی ایس سی فرسٹ اینول 2020/A امتحانات شیڈول کے مطابق آن لائن جاری رہیں گے۔ معاون خصوصی صحت فیصل سلطان  نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا ہے کہ کرونا ویکسین 2021ء کی دوسری سہ ماہی سے پہلے نہیں مل سکتی۔ کرونا ویکسین  ملنے پر پہلے فرنٹ لائن ورکرز کی ویکسینیشن ہوگی۔ کرونا کی دوسری لہر کے خلاف کراچی کی انتظامیہ متحرک ہوگئی۔ محکمہ داخلہ نے سندھ میں تمام درگاہیں اور مزارات بند کر دیئے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کے مزارات 31  جنوری تک بند رہیں گے۔ دریں اثناء حکومتی احکامات کے بعد کراچی کے ضل وسطی کی مارکیٹیں بند کر دی گئیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی، حیدری کے نجی مالز کی 373 سے زائد دکانیں سیل کر دی گئیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب یونیورسٹی نے 26 نومبر 2020 سے شروع ہونے والے بی اے/ بی ایس سی، ایسوسی ایٹ ڈگری پارٹ ون  اور پارٹ ٹو جبکہ 23 دسمبر سے شروع ہونے والے ایم اے/ ایم ایس سی  پارٹ ون کے امتحانات ملتوی کر دیئے۔ نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن