اسلام آباد (اپنے سٹاف رپو رٹر سے) سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ مذہبی یکجہتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت بین العقائد ہم آہنگی کے فروغ کیلئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ شہزاد وسیم چیئرمین پاکستان علماء کونسل و وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی سے گفتگو کر رہے تھے۔ جنہوں نے اُن سے یہاں اسلام آباد میں منگل کے روز ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم امور اور ملک کی موجودہ سیاسی صورت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شہزاد وسیم نے بین العقائد ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علامہ طاہر اشرفی کی کاوشوںکو لائقِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت تمام فورمز پر مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسلام فوبیا کا رجحان خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور تہذیبوں کے تصادم سے بچنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ گستاخانہ خاکوں، مذہبی منافرت اور مذاہب کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کے واقعات قابلِ مذمت ہیں۔ حکومت بین المذاہب رواداری کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ علامہ طاہر اشرفی نے سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کے خیالات و تجاویز سے اتفاق کرتے کہا تمام مذاہب اور تمام عقائد قابلِ احترام ہیں۔ کسی کو دوسرے پر اپنے عقائد مسلط کرنے یا اُس کے مذہبی عقائد پر عمل درآمد میں رکاوٹ پیدا کرنے کا حق حاصل نہیں۔