لاہور (نمائند ہ خصوصی) لاہور میںکائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ تھانہ برکی روڈٖ پر خودکش حملہ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ہشتگرد کی سی ٹی ڈی تھانے میں داخل ہونے کی کوشش پر اہلکاروں کی فائرنگ سے دہشت گرد مارا گیا جبکہ حملہ آور سے خودکش جیکٹ برآمدکر کے ناکارہ بنا دی گئی۔ واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میںدرج کر لیا گیا۔ ترجمان سی ٹی ڈٖی کے مطابق خود کش حملہ آور نے سی ٹی ڈی کے تھانہ میں داخل ہونے کی کوشش کی اس دوران شناخت پوچھنے پر دہشتگرد نے فوری سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور سی ٹی ڈی تھانے کی ڈیوٹی پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد ماراگیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سے خود کش جیکٹ اور دو ہینڈ گرینیڈ برآمد کرلیے گئے جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تھانے پر حملہ کرنا چاہتا تھا، اسکی شناخت نہیں ہوسکی ہے نعش کو مردہ خانے منتقل کر کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی تھانے میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ جلد نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا جائے گا۔
برکی روڈ: سی ٹی ڈی تھانہ پر خودکش حملہ کی کوشش ، فائرنگ کا تبادلہ دہشتگرد ماراگیا
Nov 25, 2020