لاہور : سینئر سیاستدان و سابق وزیردفاع کے انتقال پر وزیر سائنس وٹیکنالوجی فوادچودھری سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے تعزیت کااظہار کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری احمد مختار کے انتقال پر رنج وغم کااظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ چوہدری احمد مختار مرحوم پارٹی کے ثابت قدم رہنما تھے، چوہدری احمد مختار کی پارٹی کے لئے خدمات تا دیر رکھی جائینگی ۔ پیپلز پارٹی قیادت اور کارکن چوہدری احمد مختار مرحوم کےغم میں برابر کے شریک ہیں ۔ نیربخاری نے چوہدری احمد مختار مرحوم کے انتقال پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی چوہدری احمد مختار کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر دے ۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ چودھری احمد مختار کا انتقال ناقابلِ تلافی نقصان ہے ۔ احمد مختار کی سیاسی و سماجی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ احمد مختار نے پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر شہید بی بی کے ساتھ کام کیا۔
وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سابق وزیر دفاع احمد مختار کی وفات پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ چوہدری احمد مختارکافی دنوں سے ٹھیک نہیں تھے ، وہ اورخالد کھرل مرحوم کے ساتھ کافی مباحثے ہوتے تھے ، دونوں پی پی پی کے سینٹر فارورڈ ارکان تھے ۔انہوں نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کی سیاست کے یہ دو اہم کھلاڑی اب ہم میں نہیں ہیں۔
پیپلز پارٹی رہنما چودھری منظور احمد کاکہنا تھا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کے ایک ستون تھے۔ چوہدری احمد مختار کے انتقال پر آج پنجاب بھر کے جیالے اداس ہیں۔احمد مختار نے انتخابات میں پنجاب کے بڑے مہروں کو شکست دی، وہ پارٹی کا بے بدل اثاثہ تھے۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما احمد مختار کے انتقال پر سید حسن مرتضی نے ایک بیان میں کہا کہ چودھری احمد مختار ایک بہادر سیاست دان تھے ۔ ساری زندگی احمد مختار شہید بی بی کے معتمد خاص رہے۔ احمد مختار ہر نشیب و فراز میں پارٹی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے ، آج ہم ایک سچے جیالے سے محروم ہو گئے ہیں ۔
وفاقی وزیر پاور اور پٹرولیم عمر ایوب خان کا سابق وزیر پانی و بجلی اور دفاع چودھری احمد مختار کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ احمد مختار صاحب کی وفات پر دلی رنج ہوا ۔ اللہ تعالی انکو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور خاندان کو اس گھڑی میں صبر جمیل عطا فرمائے ۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما و سینئر سیاستدان چوہدری احمد مختار آج انتقال کر گئے۔چوہدری احمد مختار مختلف ادوار میں دفاع، پانی وبجلی اور تجارت کے وزیر رہ چکے ہیں۔احمد مختار نے پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر بینظیر بھٹو کے ساتھ بھی خدمات انجام دیں۔