پشاورمیں بارش اور سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی بیشتر علاقوں میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کی شکایات عام ہو گئی ہیں جبکہ بجلی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق بارش اور سردی کی شدت میں اضافہ ہونے پر شہری علاقوں میں سوئی گیس کے پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کی شکایات بھی عام ہوگئی ہیں ۔اندرون شہر ہشت نگری،لاہوری،کریم پورہ،سکندر پورہ اور نشتر آباد سمیت دیگر علاقوں میں صبح اور رات کے وقت سوئی گیس کے کم پریشر کی شکایات عام ہوگئی ہیں جبکہ کئی علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ بھی کی جارہی ہے ۔ساتھ ہی بجلی بندش سے بھی شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔شہریوں نے محکمہ سوئی گیس سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گیس کے مسئلے کو حل کیا جائے بصورت دیگر اس کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا ۔