لاہور(سٹی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی کی سربراہی میں معروف سپر سٹور کے گودام میں کارروائی کی گئی۔معروف سٹورکے گودام سے امپورٹڈ شہد کے سیمپل لیبارٹری سے فیل ہونے پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں سٹاک اٹھانے کیلئے گودام پر چھاپہ مارا گیا۔ اٹاری سٹاپ فیروز پور روڈ پر معروف سپر سٹور کے گودام سے ایکسپائر امپورٹڈ شہد سمیت 8 برانڈز کی اشیاء برآمد ہوئیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے نکلتے ہی گودام ملازمین نے ایڈیشنل ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں کو 6 گھنٹے تک گودام میں یرغمال بنالیا گیا۔کارروائی کے دوران معروف شاپنگ مال انتظامیہ نے ٹیموں کو ایک کمرے میں یرغمال بنا کر بجلی بندکر دی۔ بعدازاں پولیس کی مدد سے فوڈ اتھارٹی ٹیم کوبازیاب کرواکر گودام بند کر دیا گیا۔جعلسازی اور مزاحمت کرنے پر شاپنگ مال انتظامیہ کے خلاف نشتر ٹاؤن تھانہ میں اندارج مقدمہ کی درخواست دے دی گئی۔