اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلام امن، بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ہمیں حضور اکرمﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ قائداعظم محمد علی جناح مذہبی ہم آہنگی کے زبردست قائل تھے اور قیام پاکستان کے بعد بھی انہوں نے ملک میں مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور انہیں برابر کے حقوق دینے کا پرچار کیا۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں ایک روزہ بین الاقوامی بین المذاہب امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب لوگوں کے درمیان امن اور مذہبی ہم آہنگی کا درس دیتے ہیں، حضور اکرمﷺ کا طریقہ کار ہمارے لیے مشعل راہ ہے جسے خلفائے راشدین نے بھی جاری رکھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلام مذہبی منافرت کے سخت خلاف ہے، بھارت میں مسلمانوں کی تاریخ کو مسخ کرکے ان کے خلاف ظلم و تشدد ہورہا ہے اور مسلمانوں کے خلاف قوانین بنائے جا رہے ہیں۔ پاکستان نے مذہبی ہم آہنگی کے لیے کرتارپور راہداری کو کھولا ہے۔ صدر نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب ان کے لیے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد اور ان کے رفقا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد مرحوم کا بین المذاہب ہم آہنگی میں بھرپور کردار رہا ہے اور انہوں نے مختلف مذاہب اور مکاتب فکر کے لوگوں کو جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ صدر نے کہا کہ دنیا کو اچھی قیادت کی ضرورت ہے، مذہب، رنگ اور نسل کی بنیاد پر منافرت کے پیچھے استحصال کا نظریہ کارفرما ہے، انسانی استحصال بند ہونا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد نے کہا ہے کہ اسلام اور نبی کریمؐکے نام پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، اسلام ہمیں امن کا درس دیتا ہے، بین المذاہب ہم آہنگی پرامن دنیا کے لئے ناگزیر ہے۔ سیاست میں ہر چیز کو مسخ کرکے پیش کیا جاتا ہے ہمارے ہاں بھی ایسے مسائل موجود ہیں۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ سائبر حملوں سے بچنے کیلئے سکیورٹی سسٹم کو مضبوط بنانا ہو گا تاکہ ڈیٹا کی مکمل حفاظت کی جا سکے۔ ملک کے دفاع، توانائی اور مالیاتی ڈھانچے کی مضبوطی کیلئے مقامی افراد کو پیشہ ورانہ تربیت دینی ہو گی ۔ سائبر سیکورٹی میں مضبوط صلاحیت کا حصول دفاعی اور جارحانہ دونوں حکمت عملیوں کیلئے اہم ہے کیونکہ دنیا تیزی سے تکنیکی جدت کی طرف جا رہی ہے۔ سائبر وارفیئر اور سیکورٹی کی دوسری سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افتتاح کے بعد صدر نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے ہمراہ صنعتی نمائش کا دورہ کیا اور سائبر فرانزک ٹول کٹس، محفوظ مواصلاتی فریم ورک، سینسر کے ذریعے ریموٹ مانیٹرنگ اور انٹرنیٹ سیکورٹی سمیت مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
صدر علوی
پاکستان نے کرتار پور کھولا‘ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم و تشدد جاری: صدر علوی
Nov 25, 2021