نئی دلی(کے پی آئی ) بھارت میں کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ حکومت ملک میں مہنگائی اور عوام کو درپیش مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ذات پات اور مذہب کو استعمال کرکے قوم کو گمراہ کررہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک ٹویٹ میں کانگریس رہنماء نے ملک میں بنیادی اشیا پر جی ایس ٹی میں مسلسل اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کا انتخابی نعرہ 'اچھے دن'کی حقیقت ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام پر آشکار ہورہی ہے۔ انہو ں نے ٹویٹ میں'لوٹ'کو ہیش ٹیگ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کہاکہ جی ایس ٹی میں 140% اضافہ کیاگیا ہے جومودی حکومت کے اچھے دنوں کی پول کھول رہا ہے۔ راہول گاندھی نے مزید کہاکہ بی جے پی نے بلند وبانگ اور کھوکھلے دعوے اور وعدے کرکے ملک میں اقتدارحاصل کیا اور اس کے بعد سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام مہنگائی سے بدحال ہیں اور عوام کی توجہ ان مسائل سے ہٹانے کیلئے ملک کے کونے کونے ذات پات اور مذہب سے متعلق غیر ضروری مسائل پیدا کرکے نفرت کا ماحول پھیلایا جارہا ہے۔
راہول گاندھی
مودی حکومت مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئے ذات پات اور مذہب کاغیر ضروری استعمال کر رہی : راہول گاندھی
Nov 25, 2021