لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو میں عالمی شہرت کی حامل سرمایہ کار کمپنیوں سے طے پانے والے معاہدوں کے ثمرات جلد سامنے آئیں گے۔ معاہدوں پر عمل درآمد سے 45ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری سے پنجاب کی معیشت مضبوط ہوگی اور نئے صنعتی یونٹس لگنے سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ دبئی ایکسپو میں سٹارٹ اپس کو اپنے آئیڈیاز شیئر کرنے کیلئے عالمی پلیٹ فارم مہیا کیا گیا جس سے انہیں فائدہ ہوگا۔پنجاب کے دستکاروں نے اپنی ہینڈی کرافٹس کی نمائش کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا جو قابل تعریف ہے۔ہینڈی کرافٹس کی فروخت بڑھا کر پنجاب کی معیشت کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ حکومت نے دستکاروں کو آرٹیزن ویلیجز بنا کر اپنے فن کو نکھارنے کا پلیٹ فارم دیا ہے جس سے انہیں فائدہ ہوگا۔