پی پی پی کوووٹ دینے والوں کو  وفاق سزا دے رہا ہے: سعید غنی

 کراچی (نیوزرپورٹر)  وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے لوگوں کو پیپلز پارٹی کوووٹ دینے کی سزا دے رہی ہے۔ کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ مراد علی شاہ اسرائیل یا بھارت کے وزیراعلیٰ نہیں کہ وفاق مشاورت نہیں کر رہا۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ ان کوٹف ٹائم دیتے ہیں، اس لیے ان کو برے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے پیسے دے کر گھر لئے ہیں کوئی قبضہ نہیں کیا،جبکہ پنجاب میں خلاف ضابطہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے تحفظ کے لیے قانون بنایا گیا ہے، سندھ میں اپوزیشن اس قانون سازی کی مخالفت کررہی ہے جو پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت بناچکی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں ایسی عمارتیں ہیں جوخلاف ضابطہ بن چکی ہیں اور لوگ رہائش پذیر ہیں، ان کا تحفظ چاہتے ہیں، ہم سندھ کی ایسی عمارتوں کے تحفظ کے لیے قانون پاس کرانا چاہتے ہیں جہاں لوگ رہائش پذیر ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جن لوگوں نے غیرقانونی کام کیا ہے ان کوسزائیں دینی چاہیے چاہے ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، یہ حل نہیں کہ لاکھوں لوگوں کو اٹھا کر باہر پھینک دیں۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ضابطہ عمارتوں کوتحفظ دینے کا بل ابھی اسمبلی میں نہیں آیا ہے۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ نسلہ ٹاور کا فیصلہ آچکا ہے اورانتظامیہ عدالتی احکامات کی روشنی میں اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس، گندم، چینی سمیت تمام بحرانوں کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیا جاتا ہے، افسران کو ایک جگہ سے ہٹا کر دوسری جگہ لگا دیا جاتا ہے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے کل تسلیم کیا کہ وقت پر ایل این جی نہیں خریدی گئی۔
سعید غنی

ای پیپر دی نیشن