دوحا (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) افغانستان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا نیا مرحلہ آئندہ ہفتے قطر میں ہوگا۔ طالبان نے کہا ہے کہ دوحا مذاکرات سے امریکہ کے ساتھ سیاسی تعلقات‘ اقتصادی مسائل کے حل اور دوحا کے سالانہ معاہدے کی شرائط کے نفاذ پر بات ہوگی۔ امریکی وفد کی قیادت افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ کریں گے۔ افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد امریکہ اور طالبان کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہوگی۔ افغان وفد 29,27 نومبر کو دوحا میں امریکہ اور یورپی یونین نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔ افغانستان نے کہا ہے کہ قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کی قیادت میں امارت اسلامی کا وفد دوحا جائے گا۔ مذاکرات میں بنک اثاثوں کی بحالی‘ انسانی امداد‘ تعلیم‘ صحت بر بات ہو گی۔ غیر ملکی سفارتخانوں کو دوبارہ کھولنے‘ ان کی سکیورٹی پر بھی بات ہوگی۔ وفد میں تعلیم‘ صحت‘ خزانہ محکمہ سکیورٹی افغان مرکزی بنک کے حکام شامل ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بتایا کہ طالبان سے مذاکرات میں دہشتگردی کے خلاف جنگ اور افغانستان میں انسانی بحران پر بات ہو گی۔ امریکی شہریوں اور امریکہ کیلئے کام کرنے والے افغانوں کا انخلاء بھی مذاکرات کا حصہ ہونگے ۔