ارکان کیخلاف تضحیک آمیز مواد کی اشاعت‘ متعلقہ ادارے مؤثر کارروائی کریں: پرویز الٰہی 

لاہور (نیوز رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت سپیشل کمیٹی نمبر 11 کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ سپیکر چودھری پرویز الٰہی  نے کہا کہ آج کل ارکان اسمبلی کے بارے میں سوشل میڈیا پر مختلف عناصر کی جانب سے جعلی اور تضحیک آمیز مواد کی اشاعت کی جا رہی ہے جس کے خلاف بروقت اور سخت کارروائی نہ کی گئی تو پنجاب اسمبلی اور ارکان کی ساکھ متاثر ہوگی۔ چودھری پرویز الٰہی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں موجود ایف آئی اے و دیگر اداروں کے حکام نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو یقین دہانی کروائی کہ اس مذموم سلسلے کی روک تھام کیلئے جلد از جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں وزیر قانون محمد بشارت راجہ‘ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ساجد احمد خان بھٹی‘ دیگر حکام اور متعلقہ ادارے نے شرکت کی۔ سیکرٹری بیت المال  نذیر احمد چوہان‘ پارلیمانی سیکرٹری کوآپریٹو محمد امین ذوالقرنین ارکان اسمبلی سمیع اﷲ خان‘ ملک احمد اولکھ‘ محمد معاویہ‘ خواجہ سلمان رفیق‘ ایڈیشنل سیکرٹری ہوم علی عنان قمر‘  ڈائریکٹر لا وپارلیمانی امور بیرسٹر محمد اسحاق اور ڈائریکٹر ایف آئی اے بابر بخت‘ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اﷲ لک بھی شریک ہوئے۔

ای پیپر دی نیشن