اسلام آباد ( اپنے سٹاف سٹاف رپورٹر سے) شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن صرف ویڈیو ویڈیو کھیل رہی ہے، پی ڈی ایم کے تینوں اجلاس بے نتیجہ رہے، سیاسی مخالفین کی ٹرین چھوٹ چکی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمی سے ہمیں نالائق اپوزیشن ملی، فضل الرحمان اسلام آباد آئے تو اس وقت احتجاج کا وقت تھا، اب اپوزیشن کی ٹرین چھوٹ چکی ہے۔ یہ اب میڈیا، میڈیا اور ویڈیو، ویڈیو کھیل رہے ہیں، مہنگائی ملک لوٹنے والوں کے باعث ہے، انہیں اس کی سزا ملنی چاہیے، عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ پی ڈی ایم کا پشاور میں جلسہ دیکھا، پی ڈی ایم کے تلوں میں تیل نہیں، فضل الرحمان پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں آنیوالا، اگر میں پشاور میں جلسہ کروں تو پی ڈی ایم سے بڑا جلسہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم پر بننے والا کمیشن الیکشن کمیشن سے معاملات طے کرے گا، اگلی ووٹنگ لسٹ میں ووٹرز کی تصویر چھپے گی۔پاکستان آن لائن ویزا سسٹم کی اپ گریڈیشن مکمل ہوگئی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بدھ کو نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ''پاکستان آن لائن ویزا سسٹم'' کو جدید تقاضوں کے مطابق استوارکرنے کا افتتاح کیا۔ یہ سسٹم مارچ 2019ء میں متعارف کرایا گیا تھا۔ موجودہ حالات کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس سہولت کو سمارٹ فون اور ٹیبلٹ کے ذریعے استعمال کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔ سسٹم اپ گریڈ کے بعد پاکستان آن لائن ویزا سسٹم میں نئی کیٹیگریز شامل کی گئی ہیں جن میں میڈیکل ٹورزم، سی پیک ویزا، زائرین کے لئے پلگرم ویزا، کوہ پیمائی اور ٹریکنگ کے لئے ویزا قابل ذکر ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بزنس ویزا پالیسی کو ازسرنو تشکیل دیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آن لائن ویزا درخواست کی بدولت نہ صرف پاکستان میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ یہ ملک کی مثبت ساکھ کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ پاکستان آن لائن ویزا کی سسٹم اپگریڈیشن کے نتیجے میں درخواست کی کارروائی پر لگنے والا وقت پہلے کی نسبت آدھا رہ جائے گا۔ میرا مشن ہے کہ نادرا کی تمام خدمات کا جائزہ شہریوں کے نقطہ نظر سے لیا جائے۔